ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ویمنس ہاسٹلوں کیلئے سی سی ٹی وی سہولیات فراہم : آنجنیا

ویمنس ہاسٹلوں کیلئے سی سی ٹی وی سہولیات فراہم : آنجنیا

Tue, 05 Jul 2016 11:03:35  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہاکہ ریاست کے سبھی سرکاری ویمنس ہاسٹلوں میں دو ماہ کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور تین ماہ میں مستقل خاتون وارڈنوں کی بھرتی مکمل کرلی جائے گی۔آج کونسل میں وقفۂ سوالات کے دوران مسٹر آنجنیا نے کہاکہ ریاست کے 120 اقامتی اسکولوں میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے جڑی لڑکیوں کیلئے ہاسٹلوں کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ان میں سے 27 اسکولوں کیلئے خاتون وارڈنوں کا تقرر کیا جائے گا۔ بی جے پی رکن تارا انو رادھا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر آنجنیا نے بتایا کہ ریاست بھر میں 120 اقامتی اسکول درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے وابستہ لڑکیوں کیلئے قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 27 اقامتی اسکولوں میں وارڈنوں کا تقرر کیا جاچکا ہے۔ باقی اسکولوں میں وارڈنوں کے تقرر کیلئے کے پی ایس سی کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ تمام ویمنس ہاسٹلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جاچکے ہیں۔ اس مرحلے میں مداخلت کرتے ہوئے حکمران پارٹی کے رکن وی ایس اگرپا نے کہاکہ خود انہوں نے بعض ویمنس ہاسٹلوں کا معائنہ کیا ہے، وہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں۔انہوں نے مسٹر آنجنیا سے کہاکہ اس طرح کا غلط جواب ایوان کو نہ دیں۔ اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر ایشورپا نے اگرپا کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر موصوف ایوان کو غلط جواب دے کر گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں ،جہاں جہاں ویمنس ہاسٹلوں میں سی سی ٹی وی نہیں ہیں ،وہاں جلد ازجلد فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔ جن مقامات پر ویمنس ہاسٹلس ہیں ان اضلاع میں پولیس سپرنٹنڈنٹوں کے ساتھ میٹنگ کرکے ان ہاسٹلوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔


Share: